ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنا، امریکہ کے جرائم پیشہ اور مکار ہونے کا منہ بولتا ثبوت، ترجمان وزارت خارجہ

تہران/ ارنا- وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے پیٹرولیم کے وزیر سمیت کئی شہریوں پر امریکہ کی جانب سے پابندی عائد کرنے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

جمعے کی صبح جاری ہونے والے پیغام میں اسماعیل بقائی نے زور دیکر کہا کہ ایک جانب امریکی حکام مذاکرات کے لیے اپنی تیاری کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں تو دوسری جانب ایران پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں جس سے ان دعووں کے جھوٹے ہونے اور ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت سے ان کی دشمنی ظاہر ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب پر ثابت ہوگیا ہے کہ امریکی حکومت جرائم پیشہ اور مکار ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ خودمختار ممالک کے خلاف پابندیاں عائد کرنا وہ نشہ ہے جس کا امریکہ عادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور دیگر ممالک کے مابین آزاد تجارت میں خلل ڈالنا امریکہ کی شرپسندی کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں اور ایسے اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار امریکی حکومت کو ٹہرایا جائے گا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے ایران کے پیٹرولیم کے وزیر پر پابندی عائد کرنے کو بھی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایسی گھناؤنی حرکتوں کا ایرانی عوام کے عزم و ارادے پر ذرہ برابر اثر پڑنے والا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایران کو امریکی صدر کا مراسلہ ملنے کے محض ایک دن بعد امریکی وزارت خزانہ نے ایران کے پیٹرولیم کے وزیر، کئی ایرانی شہریوں اور متعدد تیل بردار جہازوں پر امریکی قوانین! کی خلاف ورزی کے بہانے پابندی عائد کردی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .